اوکاڑہ ( بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو طے شدہ کوٹہ کے مطابق سرکاری ملازمتوں میں بھرتی اور سرکاری ہسپتالوں میں ان کے علاج معالجہ کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتالوں اور تحصیل ہیڈ کو آرٹر ہسپتالوں میں سپیشل افراد کے لئے الگ کاؤنٹرز بنائے جائیں تاکہ انہیں کسی مشکل اور تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذور افراد کے مسائل حل کرنے کے سلسلہ میں بلائے گئے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔۔ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے سیکریٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام کو ہدائیت کی کہ ضلع میں تمام بس اڈوں ،ویگن سٹینڈوں پر معذور افراد کو کرایہ میں 50فیصد رعائیت دئیے جانے سے متعلق بینرز آویزاں کروائیں اور معذور افراد کو کرایہ میں 50فیصد رعائیت کے فیصلے پر عمل در آمد کے لئے نگرانی کو یقینی بنائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے اخوت کے ڈسٹرکٹ مینجر کو بھی ہدائیت کی کہ وہ معذور افراد کو قرضہ جات کی فراہمی کے سلسلہ میں خصوصی اقدامات کریں جس پر مینجر اخوت دیپالپور نے بتایا کہ 24معذور افراد کو اخوت کی جانب سے قرضہ حسنہ دیا جا چکا ہے اور دیگر قرضہ کے لئے دی جانیو الی درخواستوں پرعمل در آمد کیا جا رہا ہے اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق معذور افراد کو قرضے دئیے جارہے ہیں*