اوکاڑہ (بیورورپورٹ ) ڈپٹی کمشنر صائمہ احدنے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی اقدامات فول پروف ہونے چاہیے اور ڈینگی مچھر و لاروا کے خاتمہ کے لئے تمام سرکاری اداروں کی مربوط کاوشیں وقت کی ضرورت ہیں لوگوں میں ڈینگی مچھر سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق شعور و آگاہی اجاگر کرنے کے لئے معاشرہ کے صاحب الرائے لوگو ں کو اس کار خیر میں شامل کیا جائے ڈینگی وائرس سے بچنے کیلئے ہمیں حفاظتی تدابیر کو ہر صورت اختیار کرنا ہے اور اپنے طرز زندگی کو بدلتے ہوئے اپنے ماحول کو خشک ور صاف رکھنے کے لئے بھر پور کاوشیں کرنا ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ ،سی ای او ایجوکیشن میڈم ناہید واصف، ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ ڈاکٹر محمد اقبال،ایم ایس صاحبان،صدر “ماڈا “محمد مظہررشید چوہدری ،الخدمت ویلفیئر کو نسل کے جنرل سیکرٹری ندیم مقصود سیدسمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ میں ڈینگی سرویلینس کے تحت 114آؤٹ ڈور ٹیمیں اور342ان ڈٖور ٹیمیں اور محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکٹر سرویلینس کا کام کر رہی ہیں اس سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر ٹائر مارکیٹس ،قبرستانوں اور نرسریوں کی سروے کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ ڈاکٹر محمد اقبال اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے ڈینگی ویکٹر سرویلینس کے لئے کئے گئے اقدامات اور فیلڈ ٹیموں کی کار کردگی اور عوام کی آگاہی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق بریفنگ دی ۔ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے ہدائیت کی کہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات کے قبرستانوں میں بھی ڈینگی ویکٹر سر ویلینس کا کام مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اوکاڑ ہ ڈینگی فری ہے ہمیں احتیاطی تدابیراختیار کرنے اور لوگوں میں شعور و آگاہی کے لئے مستقل بنیادوں پر کام کا جاری رکھنا ہے ۔انہوں نے ہدائیت کی کہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے نمٹنے کے لئے تمام ممکنہ انتظامات کو مکمل رکھا جائے ڈینگی کے مرض کی تشخیص سے لے کر علاج کے لئے تمام سہولتیں ہر وقت دستیاب ہونی چاہیے ۔ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدائیت کی کہ سرکاری دفاتر،کالجز سکولوں میں سرویلینس کا کام جاری رکھا جائے انہوں نے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ سکولوں اساتذہ بچوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دیں انہوں نے پولیس حکام کو ہدائیت کی کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں سرویلینس کے دوران جس جگہ پر ڈینگی لاروہ کی نشاندہی کریں ان کے خلاف بھر پور کاروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کئے جائیں*