اوکاڑہ(بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ انچارج ریسکیو 1122چوہدری ظفر اقبال نے کہا ہے کہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے اور ایمرجنسی کو کنٹرول کرنے کے لئے بنیادی تربیت از حد ضروری ہے ریسکیو 1122ضلع کے تعلیمی اداروں میں طالب علموں کو جان بچانے ،حادثات سے بچاؤ ،آگ پر قابو پانے ،حادثہ کے بعد کی صورتحال میں امدادی کاروائیوں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت کے لئے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کا بنیادی مقصد ایک محفوظ معاشرے کا قیام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سی ایم آر ہائی سکول میں نیشنل ڈیزاسٹر ڈے کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار میں طالب علموں ،اساتذہ کرام ،ریسکیو1122کے اہلکاروں ،صحافیوں سمیت شہریوں نے شرکت کی ۔چوہدری ظفر اقبال نے کہا کہ پاکستان میں حادثات کی شرح زیادہ ہونے کی وجہ لا علمی اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا ہے ہم نے کس طرح سڑک استعما ل کرنی ہے اور کون سی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہے ان سے متعلق سڑک استعمال کرنے والوں کو بتانا ضروری ہے حادثہ کی صورت میں زخمیوں کی کس طرح مدد کرنی ہے انہیں فوراََ طبی امداد دینی ہے یہ سب ہر شہری کو از بر ہونا چاہیے ایک مہذب معاشرہ کی بنیاد ،امداد باہمی کے اصول پر ہی رکھی جا سکتی ہے ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنا ہے اور اپنے علم اور مہارت سے لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے اس موقع پر ریسکیو سیفٹی آفیسر عائشہ سہیل، ہیڈ ماسٹر ملک غلام فرید نے بھی خطاب کیا ۔بعد ازاں علامتی آگاہی واک بھی کی گئی *