اوکاڑہ(بیورورپورٹ)ضلع اوکاڑہ امن کا گہوارہ ہے ہمیں بھائی چارے ،امن ومحبت ،اتفاق و اتحاد اور برداشت کی فضا کو نہ صرف برقرار رکھنا ہے بلکہ باہمی الفت اور یگانگت کے جذبوں کو مزید پروان چڑھانا ہے ملک دشمن عناصر ہمارے اتفاق و اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں ہر سطح پر ان دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے علماء مشائخ ،تاجر ،صحافی اور معاشرہ کے صاحب الرائے لوگ باہمی تعاون اور اعتماد کی فضا کو پروان چڑھا کر ہی ایک منزل حاصل کر سکتے ہیں ہماری ذمہ داریاں نہایت اہم ہیں اور کسی صورت ہم کسی کو اپنے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤ الدین ،ڈی سی او سقراط امان رانا اور ڈی پی او فیصل رانا نے ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن کمیٹی اور امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ ،ممبر صوبائی اسمبلی ملک علی عباس کھوکھر ،ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر ، سید زاہد گیلانی ،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے نمائندوں ،صحافیوں ،ممبران امن کمیٹی ،تاجر تنظیموں کے نمائندوں سمیت تمام وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ڈی سی او سقراط امان رانا نے اجلاس کے شرکاء کو ضلع میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی ،جلوسوں کے روٹوں کی صفائی ستھرائی ،تجاوزات کا خاتمہ ،سٹرکوں کی مرمت ،بجلی و ٹیلی فون کی تاروں کو اونچا کرنے ،کنٹرول روم ،جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ویڈیو کوریج ،واک تھرو گیٹس ،میٹک ڈٹیکٹر ز،میڈیکل کور کیمپ ،ریسکیو 1122،سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی تعینای سے متعلق بر یفنگ دی ۔ڈی پی او محمد فیصل رانا نے ضلع میں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی ،انتظامات ،پولیس کی تعیناتی اور نگرانی کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔مقررین نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صحافیوں سمیت ہر آفیسر اور اہلکار ذمہ داری کا ثبوت دے کسی بھی واقع کی سب سے پہلے متعلقہ اتھارٹی سے تصدیق کی جائے افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی جائے ۔اجلا س میں علماء مشائخ ،تاجروں نے ضلعی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور محرم الحرام میں بہترین انتظامات کرنے کے سلسلہ میں اپنی تجاویز دیں*