خوشاب (نمائندہ خصوصی) رکن قومی اسمبلی عزیر محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی سرحدوں پر غریب خاندانوں کو موسمی تغیرات سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ہمسایہ ممالک کا آپس میں تعاون ہو جائے تو پاکستان اس کا خیر مقدم کریگا وہ کولمبو میں الائنس فار کلائمیٹس ایکشن نیٹ ورک جنوبی ایشاء کے زیر اہتمام 125ویں سول سوسائٹی تنظیموں کی علاقائی کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا عزیر محمد خان نے کہاکہ جنوبی ایشاء ممالک کی آبادیوں کی پائیدار ترقی کیلئے قدرتی آفات اور موسمی تغیرات کا مقابلہ کرنا ہے پاکستان کو موسمی تبدیلیوں کے بدترین اثرات کا سامنا ہے اور موسمی تغیرات کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اب وہ وقت آن پہنچا ہے کہ تمام ممالک کے راہنما اس اہم مسئلہ پر مل بیٹھیں بلخصوص موسمی تغیرات اور سیلابوں کی تباہی کو روکنے کیلئے تمام ممالک کا آپس میں صلاح مشورہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے دنیا کیلئے سب سے بڑا چیلنج ماحولیات اور سیکورٹی کے خطرات ہیں ، سری لنکا ، پاکستان بنگلہ دیش ، نیپال ، مال دیپ اور بھٹان کے سرکاری و غیر سرکاری شرکاء اس اہم مسئلہ کے پائیدار حل کیلئے مل بیٹھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اس مسئلہ پر قابو نہ پاسکیں اس سلسلہ میں عوام میں شعو ربیدار کرنا اور لوگوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ بااختیار کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ ماحولیاتی اثرات کا خود مقابلہ کرسکیں ۔

خوشاب (نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب فیصل گلزار کی ہدایت پر تھانہ سٹی پولیس نے اپنے علاقہ کی حدود میں سر چ آپریشن کیا آپریشن کی نگرانی ڈی ایس پی مٹھہ ٹوانہ پرویز خان نیازی نے کی پرویز خان نیازی نے ڈی پی او آفس میں اخبار نویسوں کو بتایا کہ سرچ آپریشن کا مقصد علاقہ سے مشتبہ افراد پر نگرانی کرنا ہے اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف خوشاب پولیس کی طرف سے کاروائی کرنا اور مختلف علاقوں میں ایسے افراد جوکہ مجرمانہ ذہنیت رکھتے ہیں کو پولیس کی گرفت میں لانا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ روز کیے جانیوالے سرچ آپریشن میں تھانہ سٹی پولیس کے علاوہ تھانہ خوشاب اور مٹھہ ٹوانہ پولیس نے بھی شرکت کی اور سرچ آپریشن کے دوران کل 10افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے بیشتر ایسے لوگ ہیں جن کے پاس شناختی کارڈ نہ مل پائے یا وہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث تھے ۔

خوشاب (نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز ڈی سی او ضیاء الرحمن کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں 12کروڑ روپے کی لاگت سے پی سی سی سلیب اور وادی سون میں ٹورازم کی پانچ جبکہ مختلف سکولوں کی اپ گریڈیشن کی ریوائز سکیموں کے علاوہ سڑک کے ایک منصوبوں کی منظوری دی گئی اجلاس میں مختلف تعمیراتی محکموں کے سربراہان موجود تھے جس میں ملک کرم الہی بندیال کے حلقہ پی پی 40کی پی سی سی سلیب کی درجنوں سکیموں جن کی لاگت 10کروڑ روپے بنتی ہے کہ علاوہ وادی سون کی ٹورازم کی پانچ سکیموں جن کی ابتدائی لاگت 1کروڑ ، گورنمنٹ گرلز ماڈل پرائمری سکول رحمان پورہ خوشاب ، چار دیواری و ٹائلٹ بلاک ، گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول آدھیکوٹ ، گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول ظفر آباد رنگپور بگھور میں اضافی کمرے ، گورنمنٹ بوائز ایلمنٹری سکول نمبر 4 جوہرآباد میں سہولیات کی فراہمی جبکہ مٹھہ ٹوانہ تا 26، 27ایم بی کی سٹرک کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل ہے ۔

خوشاب (نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب عرفان احمد سعید نے کہا ہے کہ اداروں کو باہمی اشتراک اور تعاون عام شہری کے مسائل کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے اس لیے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سمیت ایسے تمام ادارے جو براہ راست عوام کے حقوق کے محافظ ہیں اپنا کام پوری ایمانداری اور دیانتدار ی سے کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ مسائل میں کمی واقع نہ ہو ان خیالات کااظہار انہوں نے جوڈیشل کمپلیکس خوشاب میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈی سی او ضیاء الرحمن ، ایڈیشنل سیشن جج محمد یار گوندل ،احمد نواز خان ، سینئر سول جج سرفراز احمد چوہدری ، ایس پی انوسٹی گیشن صدف فاطمہ، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن شبیر گجر ، ڈی ایس پی ارشاد احمد گوندل ، ڈسٹرکٹ اٹارنی ، پبلک پراسکیوٹر ، اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ جیل شاہ پور صدر موجود تھے انہوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کے چالان بروقت اور مکمل ارسال کیے جائیں جبکہ محکمہ پراسیکویشن کو ہر مقدمہ کے گواہان کی تاریخوں پر پیشی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جیل میں قید قیدیوں اور حوالاتیوں کی بیرکوں کی صفائی فراہم کی جانیوالی خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے ۔

خوشاب (نمائندہ خصوصی)خوشاب کے نواحی موضع سلطان پور انگرا میں شفا اﷲ انگرا تھوبی بال کلب بمقابلہ سرگودہا تھوبی بال کلب کا فائنل میچ کھیلا گیا جو برابر رہا اس فائنل میچ کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے راہنما ملک حامد محمود وڈھل ٹوانہ اور صدیق چشتی ایڈووکیٹ تھے اس میچ کے کھلاڑیوں شفاء اﷲ ، سجاد ، ماجد خان اور آصف میانہ نے خوبصورت کھیل پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی اس موقع پر مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ کمیٹی کے ممبران چن گلزار اور ریاض انگرا کو مبلغ 50ہزار روپے اور دونوں ٹیموں کو 10,10ہزار روپے کے انعامات دیے ۔

خوشاب (نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء اسلام ضلع خوشاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس ضلعی امیر مولانا قاری سلیم کی صدارت میں گذشتہ روز جوہرآباد میں منعقد ہوا اجلاس میں ضلعی سرپرست مولانا حکیم رشید احمد ربانی ، صدر مولانا قاری سلیم ، نائب صدر قاری عبدالصمد ، جنرل سیکرٹری مولانا عبداﷲ احمد ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاری فیصل اور سیکرٹر ی اطلاعات ملک صابر وڈھل موجودتھے اجلاس میں جماعتی اصولوں اور دستوری اور تنظیمی فیصلوں کی خلاف ورزی کرنے پر ملک ظفر بوڑانہ کو جمعیت علماء اسلام کی تنظیم سے فارغ کردیا گیا ہے اور مجلس عاملہ کی سفارش پر ان کی بنیادی رکنیت بھی ختم کردی گئی ہے اور اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ ان کی کسی بھی سرگرمی سے جمعیت کا کوئی تعلق نہ ہوگا بعدازاں متفقہ طور پر ایک قرار داد پیش کی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ سے علماء کرام پر بنائے گئے مقدمات فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیاگیا ۔

خوشاب (نمائندہ خصوصی)تھانہ سٹی جوہرآباد پولیس نے غیر قانونی پر تھانہ سٹی کی حدود میں گھومنے والے ایک غیر ملکی شخص کو گرفتار کرلیا ہے تفصیلات کے مطابق افغانستان کا رہائشی ملزم شیر علی ولد دفتر خان قوم پٹھان جوہرآباد کے نواحی موضع شاہ اجمل میں غیر قانونی طور پر گھوم رہا تھا جس پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو پکڑا کر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔