Photoگوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو ظہور احمد چوہان نے نارووال سرکل کی انسپیکشن کے دوران ناقص کارکردگی، کم ریکوری اور لاسز پر قابو پانے میں ناکامی پر 3ایس ڈی اوزمعطل کر کے انہیں شوکاز نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ سرکل کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے افسران کو تنبیہ کی کہ کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا اب وقت آ گیا ہے کہ محکمہ میں صرف وہی رہے گا جو محنت اور ایمانداری سے کام کرے گا اور محکمہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گا ورنہ نالائق اور کام چور اہلکاروں کے لئے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹو ظہور احمد چوہان نے نارووال سرکل کیلئے قائم کر دہ کمپیوٹر سنٹر کا بھی افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارووال میں سرکل قائم کے بعد کمپیوٹر سنٹر کے قیام سے بلنگ کا عمل تیز ہو گا اور بلوں کی مقامی سطح پر چھپوائی کے بعد صارفین کو بجلی بلوں کی فوری ترسیل ممکن ہو گی جس سے ریکوری میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور سرکل کا بلنگ سسٹم اور ریونیو دفاتر کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہو گا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کسٹمر سروسز چودھری منظور حسین،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (آئی ایس) ندیم احمد،ایس ای نارووال محمد خلیل سمیت دیگر مقامی افسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔ناقص کاکردگی پر معطل ہونے والے ایس ڈی اوز میں ایس ڈی او نمبر 1شکر گڑھ رانا زاہد،ایس ڈی او شکر گڑھ نمبر 3عبدالغفار کولاچی اور ایس ڈی او ظفر وال نمبر 2محمد اسلام شامل ہیں۔