111ایڈیلیڈ:ورلڈ کپ ایونٹ کے تیسرے کوارٹرز فائنل میں پاکستان اور آسٹریلیا آج مدمقابل ہوں گے۔ ایڈیلیڈ اوول میں دونوں ٹیموں کا میدان سجے گا۔ آج صبح ساڑھے آٹھ بجے دونوں ٹیموں میں جنگ کا بِگل بجے گا۔ یہ گراؤنڈ گرین شرٹس کے لئے جانا پہنچانا ہے لیکن ایونٹ میں کینگروز کو پہلی بار یہاں کھیلنے آنا ہے۔ دونوں ٹیموں کی کوارٹرز فائنل کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔ قومی شاہین اونچی اڑان بھریں گے تو کینگروز کے ہوش اڑا کر دم لیں گے۔ کپتان مصباح الحق کو اپنے کھلاڑیوں پر مان ہے کیونکہ ان کے پاس احمد، آفریدی اور سہیل خان ہے۔ ٹیم میں سرفراز مرد میدان ہے تو وہاب ریاض بھی خطرے کا نشان ہے۔ تیسرے کوارٹرز فائنل میں آج جہاں ہار جیت پر بات ہو گی تو وہیں پاکستان اور آسٹریلیا کی شاندار کارکردگی بھی اہم ہوگی۔ کپتان مائیکل کلارک نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ بیس میچوں میں 58.18 کی اوسط سے 931 رنز بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کیخلاف دو سنچریاں اور چھ ففٹیاں بھی سکور کیں جبکہ ان کا بہترین سکور 103 ہے۔ شین واٹسن نے گرین شرٹس کے خلاف بیس میچوں کی سولہ اننگز میں 45.90 کی اوسط سے 505 رنز جوڑے ہیں جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کی11 وکٹیں بھی گرائی ہیں۔ سٹیون سمتھ نے چار نمائندگیوں میں 53.75 کی اوسط سے 215 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کیخلاف ایک سنچری اور ایک ففٹی بھی داغی ہے۔ گلین میکسویل نے 6 ون ڈے میچوں میں 47.80 کی اوسط سے 239 رنز بنائے ہیں۔ بائولنگ میں مچل جانسن نے 8 میچوں میں 15 شاہین شکار کئے۔ مچل سٹارک پاکستان کے خلاف 4 میچوں میں 10وکٹیں اڑانے کا کارنامہ دکھا چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے دوسرے بڑے گراونڈ ایڈیلیڈ میں 50 ہزار سیٹیں لگی ہیں جبکہ 3500 افراد کھڑے ہو کر بھی میچ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس گراؤنڈ میں صرف سات بار 300 یا اس سے زائد رنز بنے ہیں۔ گراونڈ کا سب سے بڑا ٹوٹل 339 رنز ہے جو کہ ویسٹ انڈٰز نے 2005ء میں پاکستان کے ہی خلاف بنایا تھا اور اگلے دس سال تک بھارت کے علاوہ کوئی بھی ٹیم اس میدان پر 300 رنز نہ بنا پائی۔ آخری مرتبہ 300 رنز کا ہندسہ بھارت نے پاکستان کے خلاف میگا ایونٹ کے گروپ میچز میں سجایا۔ شاہینوں نے اس گراونڈ میں 17 میچ کھیلے جن میں سے چار جیتے اور بارہ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ آسٹریلیا نے اس گرائونڈ میں 47 میں سے 32 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور 15 میں شکست ملی۔