ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب فیصل گلزار نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر جملہ سیکورٹی انتظاما ت مکمل کر لئے گئے ہیں۔ افسران و ملازمان کی نامزد ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جس کے لئے باقاعدہ سیکورٹی پلان جاری کیا گیا ہے ۔ امن کمیٹی اور منتظمین جلوس و مجالس کے ساتھ ہر سطح پر میٹنگز منعقد ہو چکی ہیں جن کو مناسب ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں ۔ ممبران امن کمیٹی کی طرف سے دی جانے والی آراء اور تجاویز سے بھی دوران محرم الحرام استفادہ کیا جائے گا۔ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو قائم رکھنے کی غرض سے پولیس کے ساتھ بھاری تعداد میں رضا کار اور دیگر محکمہ جات کے ملازمان ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی طر ف سے دوران محرم الحرام اسلحہ کی نمائش پر پابند ہو گی جبکہ ہیڈ منی والے مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ان احکامات پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ جملہ سرکل افسران اور SHO تھانہ جات کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ احکامات بالا افسران پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔جلوس و مجالس کے روٹس وغیرہ کا وزٹ مکمل کیا جا چکا ہے ۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح و ذمہ داری ہے ۔ عوام الناس کی آگاہی کے لئے مناسب میڈیا تشہیر بھی کروائی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں عوام الناس کو اْن کی ذمہ داری کا احساس دلایا جا سکے۔ لوگوں کے تعاون سے پولیس اپنی ڈیوٹی سے بطریق احسن عہدہ برآ ہو سکے گی۔