crimeاسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر انتہا پسندی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں ، ملک دشمن قوتیں سوشل میڈیا کو آلہ بنا کر معاشرے میں انارکی پھیلانا چاہتی ہیں ، سائبر کرائم کی روک تھام کے لئے ایف آئی اے متحرک کردار ادا کرے ۔ بیرون ملک بالخصوص سعودی عرب میں پیشہ ور گداگر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ، ایف آئی اے فوری طور پر ان کے خلاف کارروائی کرے ۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرزمیں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے سے کالی بھیڑیں فارغ کی جائیں اور نئی ٹیکنالوجی کے ذریعہ جرائم پر قابو پانے کی صلاحیت حاصل کی جائے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی وجہ سے ملک کی بین الاقوامی ساکھ پر منفی اثر پڑتا ہے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا