جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ آج شروع ہونے والے مذاکرات کامیاب رہیں گے اور جرمنی میں نئی مخلوط حکومت کا قیام عمل میں آ جائے گا۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت سی ڈی یو اور صوبہ باویریا میں ان کی ہم خیال جماعت سی ایس یو آج اتوار سات جنوری کے روز سے پارلیمان میں دوسری بڑی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ مخلوط حکومت کے قیام کے لیے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز کر رہے ہیں

انگیلا میرکل مذاکرات کے آغاز کے لیے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیڈ کواٹر پہنچیں۔ مذاکرات سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انگیلا میرکل کا کہنا تھا، ’’میرے خیال میں یہ بہت ممکن ہے۔ ہم بہت مفصل لیکن انتہائی تیزی سے کام کریں گے۔ میں پُر امید انداز میں مذاکرات کی میز پر جا رہی ہوں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ اگلے چند دنوں میں مذاکرات کی کامیابی کے لیے بہت سا کام کرنا پڑے گا۔‘‘